رحیم یار خان : خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جامعہ کا حصہ بننے والے بین الاقوامی طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب
رحیم یار خان (أن لائن)خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (KFUEIT) میں کامسٹیک ، خواجہ فرید یونیورسٹی کنسورشیم آف ایکسیلینس پروگرام کے تحت جامعہ کا حصہ بننے والے بین الاقوامی طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر عامر اعظم خان تھے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ مذکورہ بین الاقوامی طلبہ آئندہ چھ ماہ تک خواجہ فرید یونیورسٹی میں اپنے تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔ اس دوران وہ کنسورشیم آف ایکسیلینس پروگرام کے تحت جامعہ کی اسٹیٹ آف دی آرٹ ہائی ٹیک لیبارٹریز اور جدید تحقیقی سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے اپنے شعبہ جات میں تحقیق کو آگے بڑھائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر انجینیئرڈاکٹر عامر اعظم خان نے طلبہ کو جامعہ آمد پر خوش آمدید کہا اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی عالمی معیار کے تدریسی اور تحقیقی ماحول کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، جہاں جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور بین الاقوامی روابط کو فروغ دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طلبہ کی موجودگی نہ صرف جامعہ کے علمی و ثقافتی ماحول کو مزید مضبوط بناتی ہے بلکہ ایک عالمی سطح پر مربوط ادارہ بننے کے ہمارے وژن کو بھی تقویت دیتی ہے۔ ہمیں ان باصلاحیت طلبہ کو خواجہ فرید یونیورسٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہم انہیں تعلیمی و تحقیقی میدان میں بہترین معاونت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ جامعہ کی جدید لیبارٹریز، تجربہ کار فیکلٹی اور تحقیق پر مبنی تعلیمی ماحول طلبہ کو اپنی علمی صلاحیتوں کو نکھارنے اور سائنسی و تکنیکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔
کنسورشیم آف ایکسیلینس پروگرام کے تحت خواجہ فرید یونیورسٹی میں شامل ہونے والے یہ بین الاقوامی طلبہ یمن سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف شعبہ جات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان میں شعبہ کیمسٹری کے جلال عبداللہ احمد عمر، کیمیکل اینڈ انوائرمنٹل انجینئرنگ کے اسماعیل شداد اور سلیم داؤد حسن، شعبہ فزکس کے عیسیٰ عبدالمجیب سلطان عبد الولی الاراسی جبکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈ ڈیٹا سائنس کے لطف علی محمد قاسم العطابی شامل ہیں۔طلبہ نے خواجہ فرید یونیورسٹی آمد پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کا تعلیمی ماحول، جدید سہولیات اور تحقیقی مواقع انتہائی متاثر کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی و بین الاقوامی رینکنگز میں نمایاں مقام رکھنے والی اس جامعہ کا حصہ بننا ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ یہاں اپنے تعلیمی و تحقیقی سفر کو جاری رکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، کامسٹیک-خواجہ فرید یونیورسٹی کنسورشیم کے فوکل پرسن ڈاکٹر محمد بلال طاہر، ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر سیف الرحمٰن، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر شاہد عتیق، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہیومینیٹیز اینڈ آرٹس ڈاکٹر محمد انور فاروق اور چیف سکیورٹی آفیسر ڈاکٹر عدنان خالق بھی موجود تھے۔