رحیم یار خان: شدید آندھی اور طوفان، موٹروے ایم-5 پر ہائی ٹرانسمیشن بجلی کی تاریں سڑک پر گر گئیں ،ٹریفک کی روانی متاثر
رحیم یار خان(أن لائن) شدید آندھی اور طوفانی ہواؤں کے باعث موٹروے ایم-5 پر مقام 510 ساؤتھ باؤنڈ اور نارتھ باؤنڈ کے قریب ہائی ٹرانسمیشن بجلی کی تاریں سڑک پر گر گئیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔ ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر روہڑی سے رحیم یار خان تک موٹروے پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے روہڑی اور پنوں عاقل سے شمالی سمت جانے والی ہیوی اور پبلک سروس گاڑیوں کا داخلہ روک دیا جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق پنجاب سے سندھ جانے والے مسافر اقبال آباد سے بذریعہ رحیم یار خان قومی شاہراہ این-5 استعمال کر سکتے ہیں جبکہ سندھ سے پنجاب آنے والے مسافر رحیم یار خان سے این-5 کے ذریعے دوبارہ موٹروے ایم-5 پر سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق میپکو اور ایف ڈبلیو او حکام کو فوری طور پر صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے مرمتی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں۔ موٹروے پولیس سیکٹر کمانڈراورپٹرولنگ موبائل ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور ٹریفک کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
Leave A Comment