تازہ ترین

 چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر (ستارہ امتیاز)  نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کا دورہ کیا۔ جامعہ آمد پر وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر عامر اعظم خان اور رجسٹرار انجینئر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کیا۔وائس چانسلر نے چیئرمین ایچ ای سی کی آمد کو یونیورسٹی کیلئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی تعلیمی معیار، تحقیق کے فروغ اور ادارہ جاتی ترقی کیلئے بھرپور انداز میں کوشاں ہے۔
اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے خواجہ فرید انوائرنمنٹل ٹیسٹنگ لیبارٹری (EPA سرٹیفائیڈ) کا باقاعدہ افتتاح کیا، جو کہ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ایک اہم تحقیقی مرکز ہے۔ یہ لیبارٹری ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے معیار کے مطابق قائم کی گئی ہے جو ہوا، پانی اور مٹی کے جدید تجزیاتی ٹیسٹ کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس لیبارٹری کے ذریعے نہ صرف صنعتی اداروں کو سہولت فراہم ہوگی بلکہ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ یونیورسٹی کے تحقیقی وژن، ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی سروس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا اس نوعیت کی جدید لیبارٹریاں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تحقیق، جدت اور ماحولیاتی ذمہ داری کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
اسی موقع پر یونیورسٹی کی جانب سے شجرکاری کی ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں چیئرمین ایچ ای سی نے وائس چانسلر کے ہمراہ پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس سرگرمی کا مقصد ماحول دوست اور سرسبز پاکستان کے وژن کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور یونیورسٹی کی مزید کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔


چیئرمین ایچ ای سی نے فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک تفصیلی انٹرایکٹو سیشن بھی کیا جس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق کے معیار، تدریسی بہتری اور ادارہ جاتی ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیکلٹی ممبران نے اپنی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور تجربات سے آگاہ کیا جبکہ چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق کے معیار کو بہتر بنانا، تدریسی نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا اور جدت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دورے کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبہ جات، جدید لیبارٹریز اور تحقیقی مراکز کا بھی معائنہ کیا۔ انہیں جاری تعلیمی پروگراموں، تحقیقی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے جدید تعلیمی ماحول اور عملی تربیت کے مواقع کو سراہا۔