تازہ ترین

مہنگائی کا بے تحاشہ طوفان لوگوں کی جانیں لے رہا ہے‘مہنگائی کا سب سے زیادہ اثر تنخواہ دار طبقہ پر پڑ رہا ہے‘ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اورہوشرباء مہنگائی کے باعث چھوٹے سرکاری ملازمین کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے‘ حکومت مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فوری اضافہ کرے اور حکومتی وزیروں مشیروں کے اخراجات میں کمی لاتے ہوئے سرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کیاجائے۔

ان خیالات کااظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی نائب وضلعی صدراورآل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈالائنس کے ضلعی صدر محبوب خان‘ اپیکا واگیگا کے ضلعی عہدیداران فاروق خان گوپانگ‘ ملک ثناء اللہ‘ میاں اکرام الحق‘ حسن محمود رندھاوا‘ چوہدری محمدایوب‘ مرزا سرور ثانی‘ ریاض احمدجتالہ اور جام مجاہد احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک میں مہنگائی میں اضافہ کے ساتھ ہی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیاگیا ہے جبکہ پاکستانی حکومت صرف اورصرف مہنگائی کا سارابوجھ نچلے طبقے پر ڈال رہی ہے‘وفاقی اورصوبائی حکومتیں فوری طور پر ملک کے اداروں اور نظام کو چلانے والے سرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تنخواہوں اورالاؤنسز میں اضافہ کا اعلان کریں۔اپیکا واگیگا رہنماؤں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے محنت کش طبقہ‘ طلباء اور چھوٹے سرکاری ملازمین سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جوروزانہ موٹرسائیکل اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات‘ ایل پی جی گیس‘ مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہونے سے مہنگائی کی نئی لہر آئی ہے اور اس کے اثرات تمام اشیاء ضروریہ پر پڑنے سے محنت کش طبقہ کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے ہی سرکاری ملازمین کی مراعات میں کٹوتیاں لگا کر انہیں زندہ درگورکرنے کے درپے ہے جبکہ اب مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ سے ملازمین فاقہ کشی پر مجبور ہورہے ہیں۔محبوب خان نے کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیک فراہم کرے تاکہ ملازمین کو دفاتر آنے جانے میں آسانی ہو۔