ڈیرہ غازی خان : 8 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والاملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
ڈیرہ غازیخان کے تھانہ وہوا کے علاقے میں پولیس مقابلہ کے دوران 8 سالہ بچی سے زیادتی کے مقدمہ میں مطلوب مرکزی ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ تھانہ وہوا پولیس گشت پر موجود تھی کہ تل جلو والی پر تین موٹر سائیکل سوار اشخاص نے،جو اسلحہ آتشیں سے لیس تھے ،پولیس کو دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔پولیس نے اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ وہوا نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت نیاز احمد کے نام سے ہوئی جو 8 سالہ بچی سے زیادتی کے مقدمہ میں پولیس کو مطلوب تھا جس نے آج بچی سے زیادتی کی اور فرار ہو گیا تھا ۔ ملزم پر پہلے بھی اقدام قتل کا مقدمہ درج تھا۔ ملزم کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔