میلسی میں تین بچوں اور خاتون کےقتل کی پوری تفصیل منظر عام پر آ گئی، گھر کا سربراہ ہی قاتل نکلا۔میلسی کے نواحی علاقے موضع فتح پور کی بستی بھنجر میں سعودی عرب سے واپس آنے والے محمد سجاد مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث اپنی 30 سالہ اہلیہ ثریا بی بی کو مبینہ طور پر پھندا لگا کر جبکہ اپنے تین بچوں 8 سالہ محمد حسن، 7 سالہ محمد دلشاد اور 3 سالہ اسد کو کلہاڑی کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، یہ افسوسناک واقعہ گھر کے ایک کمرے میں پیش آیا جہاں سے ماں اور تینوں بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

میلسی میں ایک گھر سے ماں اور 3 بچوں کی لاشیں برآمدhttps://www.rehbernews.com/news_single_category.php?id=80589

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او وہاڑی پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع معلوم ہوتا ہے تاہم تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش جاری ہے۔ ملزم محمد سجاد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور فرانزک رپورٹس سمیت دیگر شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب مقتولہ کے والد محمد سرور نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا داماد محمد سجاد جو اُن کا بھتیجا بھی ہے اکثر ان کی بیٹی ثریا بی بی پر تشدد کرتا تھا اور دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ کچھ عرصہ قبل بھی تشدد کے باعث وہ اپنی بیٹی کو اپنے گھر لے آئے تھے تاہم ملزم نے آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی کروا کر ثریا بی بی کو دوبارہ اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

Leave A Comment

Advertisement