رحیم یارخان : پنجاب حکومت کی بے حسی اور ملازمین کیلئے ظالمانہ پالیسیوں کے باعث سرکاری ملازمین کی زندگی اجیرن
پنجاب حکومت کی بے حسی اور ملازمین کیلئے ظالمانہ پالیسیوں کے باعث سرکاری ملازمین کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے‘ پٹرولیم مصنوعات‘ بجلی اورگیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے مہنگائی کی نئی لہر نے محنت کش طبقہ کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے‘ پنجاب حکومت سرکاری ملازمین کیساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ بند کرتے ہوئے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں‘ الاؤنسز اور دیگر مراعات میں اضافہ کا فوری اعلان کرے‘ پنجاب حکومت کی بار بار وعدہ خلافی کے باعث ملازمین میں بے چینی اورتشویش پائی جارہی ہے‘ حکومت نے اپنے وعدوں کے مطابق مطالبات تسلیم نہ کئے تو تمام اضلاع سے ملازمین کے قافلے لاہور کا رخ کریں گے۔
ان خیالات کااظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن وآل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے ضلعی صدر محبوب احمدخان نے مطالبات کی منظوری کیلئے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی وصوبائی قیادت کی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح ضلع رحیم یارخان کے تمام محکمہ جات میں ہڑتال اوراحتجاجی مظاہرے کئے گئے جس کی قیادت میں اپیکا واگیگا کے ضلعی صدر محبوب خان اور اپیکا محکمہ تعلیم یونٹ کے ضلعی جنرل سیکرٹری حسن محمود رندھاوا نے کی۔محبوب خان نے کہا کہ اگر حکومت نے ملازمین کے مسائل کو نظرانداز کرنے کی روش نہ بدلی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے تمام اضلاع سے ملازمین کے قافلے لاہور پہنچیں گے جہاں سول سیکرٹریٹ اورپنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنا دیاجائیگا۔
محبوب احمد خان نے کہا کہ اپیکا کے چارٹرآف ڈیمانڈ کے مطابق رولز17A‘ لیوان کیش منٹ کی بحالی‘ وفاق کی طرز پر پنجاب کے ملازمین کیلئے 30فیصدڈسپیرٹی الاؤنس‘ تعلیمی اداروں کی نجکاری کا خاتمہ اور مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ کی منظوری دیاجائے تاکہ ملازمین بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔محبوب خان نے بتایا کہ اپیکا پنجاب کے صدر ضیاء اللہ خان نیازی کی قیادت میں پنجاب سول سیکرٹریٹ کا گھیراؤ بھی جاری ہے جس میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے حق کی خاطر جدوجہد کررہے ہیں اورجب تک ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہیں ہوتے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔