رحیم یارخان:رحیم یارخان اورنواحی علاقوں میں ڈاکوراج برقرار
رحیم یارخان اورنواحی علاقوں میں ڈاکوراج برقرار‘ مزید تین وارداتوں میں مسلح ڈاکو واپڈا ملازم سمیت تین افراد سے موٹرسائیکلیں‘ موبائل فون اورنقدی چھین کرفرار‘ پولیس بڑھتی ہوئی وارداتوں کے سامنے ناکام ہوکر رہ گئی۔
ڈکیتی کی پہلی واردات میپکو ملازم ماچھکہ کے رہائشی عمران کے ساتھ پیش آئی جو گھر سے اپنی دولاکھ سے زائد مالیت کی موٹرسائیکل پر ڈیوٹی کیلئے رحیم یارخان آرہاتھا کہ تین نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر روک کر موٹرسائیکل‘ 50ہزار روپے مالیت کا موبائل فون اور 9ہزار کی نقدی چھین لی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
دوسری واردات ٹبی لاڑاں کے رہائشی شکیل احمدکے ساتھ پیش آئی جس نے پولیس پکار پر دی جانیوالی اپنی اطلاع میں بیان کیا کہ وہ بستی توحید آباد میں دوست کے ہمراہ کھڑا تھا کہ اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار دونامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر اس کے پاس موجود 50ہزار روپے مالیت کا موبائل فون چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگئے
تیسری واردات ظفرآباد کے رہائشی عظیم خورشید کے ساتھ پیش آئی جواپنی موٹرسائیکل پر سیدپور سے واپس اپنے گھر ظفرآباد جارہاتھا کہ ترنڈہ میرخان کے نزدیک دونامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر اس کے پاس موجود دولاکھ سے زائد مالیت کا موٹرسائیکل‘ 50ہزار روپے مالیت کا موبائل فون چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقہ بھر کی ناکہ بندی کرلی تاہم فرارہونیوالے ڈاکوؤں کوگرفتارکرنے میں ناکام رہی۔
Leave A Comment