تازہ ترین

انسانیت کی خدمت میں مصروف ریسکیو کے بہادر جوانوں نے ایک اور ننھی جان کو موت کے منہ سے نکال کر بروقت کارروائی اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔20 روزہ معصوم بچے عمر علی کو تشویشناک حالت میں شدید سانس کی تکلیف کے باعث آر ایچ سی کوٹ سمابہ سے ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جارہا تھا‘ ابتدائی معائنے کے دوران بچہ کلینیکل ڈیتھ کی حالت میں پایا گیا جہاں نہ سانس موجود تھی اور نہ ہی کوئی ردِعمل تھا۔ایسے نازک لمحے میں ریسکیو کے فرض شناس اور ماہرایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن ظفر اقبال نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں‘ حاضر دماغی اور جذبہ انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر سی پی آر اور ایمرجنسی لائف سیونگ اقدامات کا آغاز کیا۔بروقت ریسکیو کارروائی کے نتیجے میں معصوم بچے کی سانسیں بحال ہوگئیں اور دل دوبارہ دھڑکنے لگا۔ریسکیو میڈیکل ٹیم نے بچے کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے ریسکیورز کی بروقت پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر چند لمحوں کی بھی تاخیر ہوجاتی تو بچے کی جان بچانا ممکن نہ رہتا۔

Leave A Comment

Advertisement