تازہ ترین

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی درخواست نیپرا کو بھجوا دی ہے۔ کمپنی نے بجلی کے بلوں کے ذریعے 2 ارب 35 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کی منظوری طلب کی ہے۔ لیسکو نے اپریل سے جون 2026 کی سہ ماہی کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے، جس میں بجلی کی پیداوار اور فروخت کے فرق، کیپسٹی چارجز، ایندھن کی قیمتوں، نیٹ میٹرنگ صارفین کے سسٹم پر اثرات، ٹرانسمیشن چارجز اور دیگر آپریشنل اخراجات کی بنیاد پر ٹیرف میں اضافے کی استدعا کی گئی ہے۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں گھریلو صارفین نے 8 فیصد جبکہ کمرشل صارفین نے 7 فیصد کم بجلی استعمال کی۔ مجموعی طور پر لیسکو کے صارفین کی بجلی کی کھپت میں تقریباً 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بجلی کی فروخت میں کمی کے باعث فی یونٹ لاگت بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث اضافی مالی بوجھ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں سامنے آتا ہے۔لیسکو کی درخواست پر حتمی فیصلہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) کرے گی، جو سماعت اور جائزے کے بعد یہ طے کرے گی کہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی جائے یا نہیں۔

 

Leave A Comment

Advertisement