تازہ ترین

رحیم یارخان(أن لائن) میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر کو مبینہ طور پر ملازمین نے کمرے میں بند کرکے تشدد کا نشانہ بنا دیا’ ہاتھا پائی کے دوران چیف آفیسر کے کپڑے پھٹ گئے’ واقعہ پر اعلیٰ حکام نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کے احکامات جاری کردئے۔

 کوٹ سمابہ میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر نے مبینہ طور پر ملازمین کو ڈیوٹی میں غفلت اور فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی پر سختی سے تنبیہ کی۔ ذرائع کے مطابق اسی بات پر بعض ملازمین مشتعل ہوگئے اور مبینہ طور پر سی ای او کو کمرے میں بند کرکے تشدد کا نشانہ بنایا’ اس دوران مبینہ طور پر سی ای او کو مارا پیٹا گیا جس سے ان کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔ صورتحال بگڑنے پر میونسپل کمیٹی کے بعض ملازمین نے مداخلت کرتے ہوئے سی ای او کو ملازمین کے چنگل سے نکلوایا۔

واقعہ کے حوالے سے نائب قاصد شہزاد کی سربراہی میں دیگر ملازمین کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے تاہم اس امر کی حتمی تصدیق انکوائری کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔

سی ای او میونسپل کمیٹی کا مؤقف ہے کہ انہوں نے ملازمین کو صرف اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دینے کی ہدایت کی تھی تاہم بعض ملازمین کو ان کی جانب سے ڈیوٹی میں غفلت پر سختی ناگوار گزری جس کے باعث مبینہ طور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

  میونسپل کمیٹی کے ملازمین نے سی ای او کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سی ای او مبینہ طور پر ملازمین کے ساتھ انتہائی بدتمیزی سے پیش آتے اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے تھے۔ بدسلوکی کے باعث اس سے قبل بھی ڈیرہ غازی خان میں سی ای او کو ملازمین کے ساتھ تنازع کا سامنا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ کی مکمل چھان بین کیلئے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے انکوائری متوقع ہے جس میں فریقین کے بیانات قلمبند کرنے کے ساتھ واقعے کے ذمہ دار ملازمین کا تعین کیا جائے گا۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ملوث افراد کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔

Leave A Comment

Advertisement