اوکاڑہ : بے موسمی بارشیں، تیار گندم کی فصل کو شدید نقصان کا خدشہ، کاشتکار پریشان
اوکاڑہ اور گردونواح میں حالیہ بے موسمی بارشوں نے گندم کی تیار فصل کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے جس کے باعث کاشتکاروں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ اپریل کے مہینے میں گندم کی فصل کٹائی کے لیے بالکل تیار کھڑی تھی، تاہم مسلسل بارشوں نے فصل کو نقصان پہنچنے کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے گندم کی بالیاں زمین پر گرنے اور دانے کے خراب ہونے کا اندیشہ ہے، جس سے پیداوار میں واضح کمی واقع ہو سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اس فصل سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں
کوئی اپنے قرضے اتارنے کا خواہاں تھا تو کوئی گھریلو ضروریات پوری کرنے اور بیٹیوں کی شادی جیسے اہم معاملات کے لیے اس فصل پر انحصار کیے ہوئے تھا۔چھوٹے کاشتکاروں کا کہنا ہے حالیہ بارشیں ان کی محنت پر پانی پھیر سکتی ہیں، جس سے ان کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب گندم کے تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو نہ صرف گندم کی فصل کو نقصان پہنچے گا بلکہ مارکیٹ اور غلہ منڈیوں میں گندم کی دستیابی بھی متاثر ہو سکتی ہے، جس سے قیمتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
Leave A Comment