اوکاڑہ : جعلی وزیراعلیٰ مانیٹرنگ ٹیم کا بھانڈا پھوٹ گیا، خاتون سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج
اوکاڑہ ( وحید انصاری) خود کو وزیراعلیٰ پنجاب کی مانیٹرنگ ٹیم کے ارکان اور سرکاری افسر ظاہر کرنے والے فیصل محمود اور حدیقہ اشتیاق کے خلاف تھانہ صدر اوکاڑہ میں جعلی سازی، فراڈ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، ٹی ایچ کیو ہسپتال دیپالپور اور مویشی منڈی سمیت مختلف مقامات کے دورے کیے اور خود کو سرکاری ملازم ظاہر کیا۔ پولیس کی جانب سے تصدیق کے دوران پیش کیے گئے دستاویزات جعلی ثابت ہوئے۔ مزید دستاویزات لانے کا بہانہ بنا کر دونوں موقع سے فرار ہو گئے، تاہم بعد ازاں تھانہ سٹی دیپالپور پولیس نے خاتون سمیت دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ سب انسپکٹر محمد عمیر کی مدعیت میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔