اوکاڑہ : اینٹی کرپشن کی کاروائی، سب انسپکٹر 30 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
.
اوکاڑہ (وحید انصاری سے) سرکل آفیسر اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے مجسٹریٹ کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے تھانہ چوچک کے ایک سب انسپکٹر کو مبینہ طور پر 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ایف آئی آر کے مطابق موضع مٹھا بھٹی کے رہائشی عارف علی کے خلاف تھانہ چوچک میں مقدمہ نمبر 199/26 درج تھا۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ مقدمے کی تفتیش کرنے والے سب انسپکٹر نے اسے بے گناہ قرار دینے کے عوض 30 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا، جس پر عارف علی نے اینٹی کرپشن اوکاڑہ سے رجوع کیا۔ شکایت موصول ہونے پر سرکل آفیسر اور ان کی ٹیم نے مجسٹریٹ کی زیر نگرانی کامیاب ریڈ کیا اور ملزم سب انسپکٹر کو شہری سے 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران نشان زدہ کرنسی نوٹ بھی موقع سے برآمد کر لیے گئے۔ سب انسپکٹر کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن اوکاڑہ میں مقدمہ نمبر 32/26 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔