تازہ ترین

 

راولپنڈی میں مقتولہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کی نماز جنازہ مرکزی جامع مسجد میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ سے قبل ربیعہ احسن کی میت مرکزی جامع مسجد پہنچائی گئی تھی، گزشتہ روز راولپنڈی کی پولیس نے نجی ٹی وی چینل کی اینکر ربیعہ احسن کے گھر میں قتل کے واقعے کا مقدمہ ان کے بھائی خرم کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے بھائی خرم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انھیں فون پر اطلاع دی گئی کہ ربیعہ احسن کو ان کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔ مدعی کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بہن خون میں لت پت پڑی تھیں اور وہ فوت ہو چکی تھیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھتے اور سردیوں کے کپڑے نکالتے وقت ایک 30 بور پستول کپڑوں میں سے نکلا۔ گھر میں موجود ایک گھریلو ملازم کے ابتدائی بیان کے مطابق شوہر پستول ہاتھ میں لیے ہوئے تھا کہ اس دوران گولی چل گئی۔تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال گھر کے کسی فرد نے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے یا اختلافات کے حوالے سے بیان نہیں دیا، اس کے باوجود واقعے کی تحقیقات میں قتل سمیت تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی، جو ان کی موت کا سبب بنی ,ابتدا میں پولیس نے ایک بیان میں صرف اتنا بتایا تھا کہ ربیعہ احسن کی لاش اڈیالہ روڈ پر واقع علاقے گلشن آباد میں ان کے گھر کے ایک کمرے سے برآمد کی گئی ہے جس پر گردن کے نیچے گولی لگنے کا نشان موجود ہے۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا 30 بور پستول بظاہر بغیر لائسنس ہے۔ واقعے سے متعلق فرانزک شواہد اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔

سی پی او راولپنڈی نے گلشن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کا قتل ہمیں رپورٹ ہوا ہے،ربعیہ احسن کی لاش بیڈ روم سے ملی ہے، اینکر پرسن کو سامنے سے گردن کے نیچے 1 گولی لگی ہے۔ہم نے قتل کی تفتیش شروع کردی ہے، پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی موقع پر آئی ہے، ہم نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ہے، پولیس نے مقتولہ اینکر کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا ہے،  شواہد جمع کررہے ہیں ایف آئی آر درج کریں گے۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement