ایف آئی اے کی کارروائی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 5 ملزمان گرفتار
لاہور میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث منظم نیٹ ورک کے5 ملزمان گرفتار کر لیے۔گرفتار ملزمان میں وسیم محمود آفریدی ، عبد الوہاب ،ادریس خان ، اسحاق اور زبیر شامل ہیں، ملزمان کو چھاپہ مار کاروائی میں دہلی گیٹ لاہور سے گرفتار کیا گیا جبکہ نیٹ ورک کے سرغنہ وسیم محمود آفریدی کو پارک ویو سٹی لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے، ملزمان سے مجموعی طور پر 1 کروڑ 12 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے برآمد ہوئے ہیں علاوہ ازیں ملزمان سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔