اوکاڑہ :رشتہ سے انکاری کی رنجش، دو بھائیوں نے حملہ کرتے ہوے ایک شخص کوفائر مار کر زخمی کر دیا ، ملزمان گرفتار. مقدمہ درج
اوکاڑہ ( وحید انصاری) حجرہ شاہ مقیم کے محلہ زاہد پورہ میں رشتہ سے انکار کی مبینہ رنجش پر دو بھائیوں نے ایک شخص پر فائرنگ اور تشدد کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
محمد امین اپنے ساتھیوں محمد سلیم اور امانت علی کے ہمراہ مسجد میں نماز ادا کرنے گیا جہاں دو بھائیوں علی اکبر اور ابوبکر نے مبینہ طور پر اس پر حملہ کر دیا۔ ملزمان نے پہلے ڈنڈوں کے وار کیے اور بعد ازاں پستول سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد امین شدید زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ واقعہ کی وجہ رشتہ دینے سے انکاری کی رنجش بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے