اوکاڑہ : بے گناہ شہری کو منشیات کیس میں پھنسانے پر اے ایس آئی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
اوکاڑہ (وحید انصاری) ڈی پی او اوکاڑہ کے احکامات پر بے گناہ شہری کو منشیات کے جھوٹے مقدمے میں ملوث کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ایلیٹ فورس کے اے ایس آئی سمیت چار پولیس ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ذکریا ٹاؤن کے رہائشی علی اکبر ولد صفدر علی کو اے ایس آئی انیس عمران نے اپنے تین ماتحت اہلکاروں کے ہمراہ مبینہ طور پر مخالفین سے ملی بھگت کرتے ہوئے چرس کے الزام میں گرفتار کیا اور اس کی تذلیل کی۔ واقعہ کی انکوائری ڈی پی او اوکاڑہ کے حکم پر کی گئی جس میں پولیس اہلکار قصوروار پائے گئے۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف دفعہ 155-C کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈی پی او نے کہا ہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے ساتھ ناانصافی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔