اوکاڑہ : سٹاف نرس ، ڈاکٹراورسینٹری ورکر کی جانب سےمریضہ کے لواحقین سے 6 ہزار روپے وصول کرنے کا انکشاف ، مقدمہ درج
ڈسٹرکٹ ہسپتال ساؤتھ سٹی اوکاڑہ میں مبینہ طور پر سٹاف نرس اور سینٹری ورکر کی جانب سے خود کو ڈاکٹر اور اسسٹنٹ ڈاکٹر ظاہر کرکے مریضہ کے لواحقین سے رقم وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ہسپتال انتظامیہ کی رپورٹ کے بعد دونوں ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تلانوالی حبیب آباد سے تعلق رکھنے والی ایک گائنی مریضہ کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال ساؤتھ سٹی اوکاڑہ لایا گیا۔ الزام ہے کہ سٹاف نرس کشور نے خود کو ڈاکٹر ظاہر کرایا جبکہ ایک سینٹری ورکر نے خود کو اسسٹنٹ ڈاکٹر ظاہر کرتے ہوئے مریضہ کا معائنہ اور علاج شروع کر دیا۔ اس دوران مریضہ کے لواحقین سے بلڈ اور دیگر اخراجات کے نام پر 6 ہزار روپے وصول کر لئے ۔معاملے کا انکشاف ہونے پر ہسپتال کے ہیومن ریسورس (ایچ آر) شعبہ نے تحقیقات کے بعد رپورٹ مرتب کرکے تھانہ صدر اوکاڑہ کو بھجوائی، دونوں ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔