اوکاڑہ: وراثتی مکان کے تنازع پر خاتون قتل، 5 نامزد سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج
چک نمبر 1/4 ایل میں وراثتی مکان کے مبینہ تنازع پر خاتون کو اینٹوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقتولہ کے خاوند کی مدعیت میں 5 نامزد اور 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی . ایف آئی آر کے مطابق چک نمبر 1/4 ایل کی رہائشی نسرین بی بی کا ملزمان زاہد فورمین وغیرہ کے ساتھ وراثتی مکان میں حصہ داری کا مبینہ تنازع چل رہا تھا۔
نسرین بی بی پھاٹک چک نمبر 1/4 ایل کے قریب جا رہی تھیں کہ ملزمان زاہد فورمین، محمد نوید، عاطف، آسیہ بی بی اور صائمہ نے انہیں روک لیا اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم زاہد فورمین نے اینٹوں کے پے در پے وار کیے، جس کے نتیجے میں نسرین بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ تمام ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تھانہ صدر اوکاڑہ پولیس نے مقتولہ کےخاوند خالد جاوید کی درخواست پر 5 نامزد اور 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے اور واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔