اوکاڑہ : ایل پی جی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، 25 دکانیں سیل، 11 مقدمات درج .ہزاروں روپے جرمانہ
.اوکاڑہ ( وحیدانصاری سے ) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایل پی جی کی اوور چارجنگ اور غیر قانونی منافع خوری کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر کی زیر نگرانی مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 25 دکانیں سیل کر دی گئیں، 11 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران اوکاڑہ میں 7، شیرگڑھ میں 2، حجرہ شاہ مقیم میں 3، بصیر پور میں 5 اور حویلی لکھا میں 8 ایل پی جی دکانیں سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے پر سیل کی گئیں۔ سول ڈیفنس کی ٹیمیں ضلع بھر میں فیلڈ چیکنگ کا سلسلہ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ صارفین کو مقررہ نرخوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنرنے خبردار کیا ہے کہ ایل پی جی مہنگے داموں فروخت کرکے عوام کا استحصال کرنے والے دکانداروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اوور چارجنگ کرنے والے دکانداروں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ضلع بھر میں گیس کی اوور چارجنگ کے مکمل خاتمے تک کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا۔
Leave A Comment