اوکاڑہ : کوئٹہ دھماکے میں شہید پاک فوج کے حوالدار محمد کاشف پرویز سپرد خاک، فوجی اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ ادا
.اوکاڑہ (وحید انصاری) کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے بہادر سپوت حوالدار محمد کاشف پرویز ولد رائے محمد یاسین قوم کھرل کی نماز جنازہ چک انوکھ سنگھ میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران و جوانوں، مقامی دیہاتوں کے معززین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
اس موقع پر بریگیڈیئر ساجد نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور سلامی پیش کی۔ بعد ازاں شہید کے والد رائے محمد یاسین کو قومی پرچم اور شہید کا اعزازی سامان پورے احترام کے ساتھ سپرد کیا گیا۔تقریب کے دوران پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی دی جبکہ موجود شہریوں، اہل علاقہ اور شہید کے والد نے وطن پر قربان ہونے والے حوالدار محمد کاشف پرویز کی قبر پر پھول نچھاور کیے اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔اہل علاقہ نے شہید کی عظیم قربانی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں اور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
Leave A Comment