اوکاڑہ : محنت کش کو تشدد، سر، مونچھیں اور پلکیں مونڈنے کا الزام، 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج
.اوکاڑہ (وحید انصاری سے ) تھانہ شیر گڑھ کے نواحی گاؤں 22 ڈی میں ایک محنت کش کے ساتھ مبینہ طور پر انسانیت سوز سلوک کا واقعہ پیش آیا۔ ایف آئی آر کے مطابق سابقہ جھگڑے کی رنجش پر بااثر ملزمان نے محنت کش ساجد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ شخص جان بچانے کے لیے بھاگا، تاہم ملزمان نے اس کا تعاقب کرکے دوبارہ قابو کر لیا، مبینہ طور پر اسے رسی سے بجلی کے پول کے ساتھ باندھ دیا اور تشدد کیا۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے ریزر (سیفٹی) کی مدد سے متاثرہ شخص کے سر، مونچھوں، پلکوں اور داڑھی کے کچھ حصے مونڈ کر اس کی تذلیل کی، جبکہ واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کر دی۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی، جس پر مقامی پولیس نے متاثرہ شخص کی درخواست پر 9 نامزد اور 4 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔