اوکاڑہ :غفلت پر محرر سمیت 3 پولیس ملازمین کے خلاف مقدمہ درج
تھانہ حویلی لکھا کے ایس ایچ او نے ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی برتنے پر محرر سمیت تین پولیس ملازمین کے خلاف پولیس آرڈر 155-C کے تحت مقدمہ درج کرا دیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او معظم شہباز چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں سکیورٹی ڈیوٹی مکمل کرکے نفری کے ہمراہ تھانے پہنچے تو اس وقت تھانے کی حوالات میں سنگین جرائم میں ملوث ملزمان بند تھے، تاہم حوالات کی نگرانی پر کوئی سنتری موجود نہیں تھا۔مزید چیکنگ کے دوران تھانہ محرر ویٹنگ روم میں موجود پایا گیا، فرنٹ ڈیسک بھی خالی تھا جبکہ کمپیوٹر آپریٹر وردی کے بجائے سول کپڑوں میں ملبوس ہو کر پرائیویٹ افراد سے گفتگو میں مصروف تھا۔ایس ایچ او نے مذکورہ ملازمین کو ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف پولیس آرڈر 155-C کے تحت مقدمہ درج کرا دیا اور تھانہ کے انچارج انویسٹی گیشن کو واقعہ کی مزید تفتیش کی ہدایت جاری کر دی۔ پولیس کے مطابق غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔