رحیم یارخان: وطن عزیز کے دفاع کے دوران دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنیوالے پاک فوج کے جوان کو آبائی علاقے دائم موڑ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک
رحیم یارخان(أن لائن) وطن عزیز کے دفاع کے دوران دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنیوالے پاک فوج کے جوان اسد علی کوش کو آبائی علاقے دائم موڑ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔
شہید اسد علی کوش گزشتہ روز وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ شہید نے دورانِ آپریشن دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور وطن کی سلامتی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے دائم موڑ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ حکام’ سیاسی و سماجی شخصیات’ منتخب نمائندوں’ اہل علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید اسد علی کوش کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی’ گارڈ آف آنر دیا اور قومی پرچم میں لپٹے تابوت کو پورے احترام کے ساتھ مزار تک پہنچایا۔ شہید کے اہل خانہ نے عظیم قربانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت کیلئے دی جانیوالی یہ قربانی قوم کیلئے باعث افتخار ہے۔ شرکاء نے شہید کی بلندی درجات’ اہل خانہ کیلئے صبر جمیل اور ملک میں پائیدار امن کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
Leave A Comment