تازہ ترین

رحیم یار خان(أن لائن) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کی اپیل پر پنجاب بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں بھی کلرکس‘ سرکاری ملازمین اور اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنادیتے ہوئے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔

احتجاج میں اپیکا‘ اگیگا‘ ٹیچرالائنس میں شامل مختلف تنظیموں کے عہدیداران‘ مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین‘ پروفیسرز‘اساتذہ‘ کلریکل اسٹاف‘ درجہ چہارم ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔احتجاجی دھرنے میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مختلف تنظیموں کے عہدیداران محبوب خان‘ رانا شہبازصفدر‘ندیم خان درانی‘ جام اعجاز احمد‘ اکبرعباس کمبوہ‘ چوہدری حسن رندھاوا‘ ملک خدا بخش‘ عادل وڑائچ‘جام ارشاد‘جاوید بہلم‘ چوہدری امین مٹھا‘عمراعجاز وڑائچ‘ حافظ فقیر احمد‘حافظ محمدعمر‘ گلزار اعوان‘ارشد عباسی‘ عبدالرؤف پپا‘ شہبازعلی سحرنے کہا کہ سرکاری ملازمین ملک کا اہم ستون ہیں مگر افسوس کہ حکومت مسلسل ان کے جائز مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ملازمین کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کرنے کی بجائے حکومت ملازمین کی بنیادی مراعات میں کٹوتیاں کررہی ہے جس کے باعث ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ‘ایڈہاک ریلیف الاؤنس بنیادی تنخواہ میں ضم‘ کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل اور ٹائم اسکیل و پروموشن کے مسائل فوری حل کیے جائیں‘ پنشن اصلاحات کے نام پر ملازمین کے حقوق سلب کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور سرکاری ملازمین کے دیگر جائز مطالبات کو بلا تاخیر تسلیم کیا جائے۔ حکومت نے ملازمین کے مطالبات پر فوری اور سنجیدگی سے عملدرآمد نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا ۔

اپیکا کے صدر محبوب خان نے کہا کہ اگیگا‘ اپیکا اورٹیچرالائنس قیادت کے فیصلہ کے مطابق8 جولائی سے 10 بجے تا 12 بجے تک علامتی قلم چھوڑ ہڑتال ہو گی اور 14 تاریخ کو پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا ہوگا جبکہ 22 جولائی کو ڈی سی آفس کے باہر احتجاج کیاجائیگا۔بعدازاں سی ای اوایجوکیشن آفس سے ہسپتال چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔

Leave A Comment

Advertisement