رحیم یار خان عید الاضحیٰ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور“ستھرا پنجاب”پروگرام کے تحت جامع انتظامات مکمل
=عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی، آلائشوں کی بروقت تلفی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور“ستھرا پنجاب”پروگرام کے تحت جامع انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) و ایم ڈی ستھرا پنجاب لاریب اسلم نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن“صاف ستھرا پنجاب”کو عملی شکل دینے کے لئے ضلع بھر میں خصوصی صفائی آپریشن ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت شہری و دیہی علاقوں میں اضافی مشینری اور افرادی قوت تعینات کی جائے گی تاکہ عوام کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام دستیاب وسائل کا استعمال شہریوں کو صاف ستھری عید الاضحیٰ فراہم کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے تاہم اس مقصد کے حصول کے لئے عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
عید الاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشیں، فضلہ یا دیگر باقیات نالیوں، سیوریج لائنوں، نہروں، تالابوں یا دیگر عوامی مقامات پر پھینکنے پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔شہری علاقوں میں قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے پر بھی دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور تعفن سے بچا جا سکے۔ “ستھرا پنجاب”کے ورکرز گھر گھر جا کر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کریں گے جبکہ عید سے قبل شہریوں میں خصوصی بیگز تقسیم کئے جائیں گے تاکہ آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے۔ ضلع بھر میں موجود 7 لاکھ 77 ہزار سے زائد گھرانوں میں 3لاکھ 86 ہزار سے زائد خصوصی بیگز تقسیم کئے جائیں گے۔
صفائی آپریشن کو موثر بنانے کے لئے ضلع بھر میں 160 کلیکشن پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جبکہ 46 اجتماعی قربان گاہوں پر خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں جہاں اجتماعی قربانیوں کا عمل انجام دیا جاتا ہے۔ اسی طرح 436 مقامات پر عید نماز ادا کی جائے گی جن کے اطراف صفائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لئے 183 خصوصی کیمپس قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ قربانی کے فضلاء کی تلفی کے لئے ضلع بھر میں 122 مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے سپروائزرز کے رابطہ نمبر بھی نمایاں مقامات پر آویزاں کئے جائیں گے تاکہ شہری بروقت شکایات اور معلومات فراہم کر سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) نے بتایا کہ ڈمپنگ سائٹس کے حوالہ سے ماحول دوست مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ فضلاء کو محفوظ اور مؤثر انداز میں تلف کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ خود صفائی ستھرائی، سیوریج مسائل اور نکاسی آب کے امور کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ سالہا سال سے مسائل کا شکار آبادیوں میں بھی خصوصی صفائی اور نکاسی آب کے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے میڈیا نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ عوامی آگہی مہم میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور شہریوں کو یہ پیغام پہنچائیں کہ عید الاضحیٰ سمیت ہر موقع پر اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں اور اردگرد کے ماحول کو بھی صاف رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی صفائی آپریشن مکمل ہونے پر شاہرات کو عرق گلاب سے دھو یا جائے گا جبکہ ستھرا پنجاب ورکرز کی تنخواہیں بھی عید الاضحی سے قبل جاری کر دی جائیں گی۔
Leave A Comment