رحیم یارخان(أن لائن )عدالتی بیلف کے تھانے کی حوالات پر چھاپے کی مبینہ اطلاع‘گرفتار ریکارڈ یافتہ ملزم کو ہتھکڑی سمیت محفوظ جگہ پر منتقل کرنے کے دوران ملزم ہتھکڑی سمیت فرار‘ 48گھنٹے گذرنے کے باوجود پولیس دوبارہ گرفتارکرنے میں ناکام‘ ملزم اس سے قبل بھی دریائی چوکی کی حوالات سے فرار ہوگیا تھا۔

چند روز قبل چوکی انچارج جن پور جام ممتاز احمد نے چوری کے عادی ریکارڈ یافتہ ملزم دفلی کبیرخان کے رہائشی جاوید کو گرفتار کرنے کے بعد تھانہ شیدانی کی حوالات منتقل کیا جہاں گرفتاری کے بغیر ملزم کوحوالات میں بند رکھے جانے پر گذشتہ روز پولیس کواطلاع ملی کہ حوالات میں غیر قانونی طور پر رکھے جانیوالے ملزم کی بازیابی کیلئے عدالتی بیلف روانہ ہوچکا ہے جس پر شیدانی پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر خلیل احمد نے حوالات میں بند ملزم جاوید کو ہتھکڑی لگا کر اپنی پرائیویٹ گاڑی میں محفوظ جگہ منتقل کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران ملزم اسسٹنٹ سب انسپکٹر خلیل احمد کی مبینہ غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہتھکڑی سمیت فرار ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فرار ہونیوالے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کی تاہم 48 گھنٹے گذر جانے کے باوجود فرار ہونیوالے ملزم کو گرفتارکرنے میں ناکام ہے۔

Leave A Comment

Advertisement