رحیم یارخان : گھریلوناچاقی پرماں اوربچوں کا نہر میں کودنے کا معاملہ‘ایک اور بچے کی نعش برآمد
رحیم یارخان(أن لائن )گھریلوناچاقی پرماں اوربچوں کا نہر میں کودنے کا معاملہ‘ ایک اور بچے کی نعش برآمد‘ ایک کی تلاش کیلئے ریسکیوآپریشن جاری‘ ماں گرفتار‘ شوہر کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج۔ گذشتہ روز چک 182پی کی رہائشی 30سالہ رضیہ کوثر نے گھریلوناچاقی پر اپنے چار بچوں 10سالہ علی حسن‘ 7سالہ طیبہ‘ 4سالہ ریحان اور 2سالہ آیان سمیت نہر گلن میں کود کر اقدام خودکشی کیاتھا۔ موقع پر موجود افراد نے رضیہ کوثرکو زندہ بچالیا جبکہ چاروں بچے ڈوب گئے تھے۔اطلاع ملنے پر ریسکیوعملہ نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن کے بعد دوسالہ آیان اور 7سالہ طیبہ کی نعشیں نہر سے برآمد کرکے تدفین کیلئے ورثاء کے حوالے کردی تھیں
جبکہ رات کے اندھیرے کے باعث ریسکیو عملہ نے سرچ آپریشن عارضی طور پر ملتوی کیاتھا جسے علی الصبح دوبارہ شروع کیاگیا اور 10سالہ علی حسن کی نعش بھی نہر سے برآمد کرکے ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ 4سالہ ریحان کی نعش تلاش کرنے کیلئے ریسکیوآپریشن جاری ہے۔ پولیس نے شوہر محمدبلال کی مدعیت میں بیوی رضیہ کوثر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لینے کے بعد حوالات منتقل کرتے ہوئے کارروائی شروع کردی ہے۔
Leave A Comment