رحیم یارخان : سرکاری ملازمین اور اساتذہ اپنے حقوق کی بحالی کیلئے قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاج
رحیم یارخان(أن لائن )سرکاری ملازمین اور اساتذہ اپنے حقوق کی بحالی کیلئے آج قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاج کیا‘ سی ای او ایجوکیشن آفس میں احتجاجی دھرنا اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے اعلان کیاجائیگا۔اس سلسلہ میں گذشتہ روز آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس ضلع رحیم یارخان کا اہم اجلاس علامہ اقبال لائبریری میں منعقد ہوا جس میں سرکاری ملازمین کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں طے پایا کہ اگیگا پنجاب کے فیصلہ کے مطابق آج 7جولائی کو سی ای او ایجوکیشن آفس رحیم یارخان میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ تعلیمی اداروں اور سرکاری محکمہ جات میں قلم چھوڑ ہڑتال ہوگی۔
اجلاس میں مختلف تنظیموں کے عہدیداران محبوب خان‘ رانا شہباز صفدر‘ اکبرعباس کمبوہ‘ جام اعجازاحمد‘ملک خدا بخش‘ عادل وڑائچ‘جاوید بہلم‘ چوہدری ایوب ظفر‘ حافظ فقیر احمد‘حافظ محمدعمر‘ ارشد عباسی‘جلیل احمدبھٹی‘ عبدالرؤف پپا‘ شہباز علی سحر، پروین مقصود‘نجمہ بشیر چوہدری نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محبوب خان‘ رانا شہباز صفدر‘ اکبرعباس کمبوہ‘ جام اعجازاحمد‘ملک خدا بخش‘ عادل وڑائچ ودیگرنے کہا کہ گذشتہ دنوں لاہور میں اگیگا کا اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں تمام تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا مطالبات منوانے کیلئے 7جولائی کو پنجاب کے تمام سی ای او آفس کے باہر دھرنا دیا جائے گا اور 8 جولائی سے 10 بجے سے لیکر 12 بجے تک علامتی قلم چھوڑ ہڑتال ہو گی اور 14 تاریخ کو پنجاب بھر کے تمام پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال کیمپ لگائے جائیں گے جس کا دورانیہ صبح 10 بجے سے لے کر شام 4 بجے تک ہوگا اور یہ دھرنا 21 تاریخ تک جاری رہے گاجبکہ 22 جولائی کو ڈی سی آفس کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا۔اگیگا عہدیداران نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنے حقوق کیلئے پرامن احتجاج کررہے ہیں جبکہ حکومت پنجاب اپنے وعدوں کے برعکس دن بدن ملازمین کیلئے مشکلات میں اضافہ کرتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیوان کیش منٹ‘ پنشن اصلاحات‘ رولز 17 کی بحالی‘ 30فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس‘ اداروں کی نجکاری اور پنجاب بھر کے تمام ملازمین کے سکیل ریوائز کرکے 7فیصد اور15فیصد دیاجائے۔ مقررین نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اورالاؤنسز میں اضافہ کرے تاکہ سرکاری ملازمین موجودہ مہنگائی کے دور میں اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرول‘ گیس‘ ڈیزل اوربجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے ضروریات زندگی کی تمام اشیاء مہنگی ہوچکی ہیں جبکہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرکے حکومت ملازم دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے۔
Leave A Comment