رحیم یار خان: پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کے 75 سال مکمل، پروقار تقریب کا انعقاد
پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کے 75 سال مکمل،پروقار تقریب کا انعقاد
حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ رحیم یار خان کے زیرِ اہتمام ضلع کونسل (ٹاؤن ہال) رحیم یار خان کے سبزہ زار میں پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چینی نمائندوں، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور دیگر معزز شخصیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔تقریب کا آغاز پاکستان اور چین کے قومی پرچم لہرانے سے کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ اس موقع پر پاک چین دوستی کی یاد میں خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والی لازوال دوستی قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بسنے والا ایک مضبوط رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ سی پیک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنا رہے ہیں۔
تقریب میں ممبران امن کمیٹی، سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری محکموں کے افسران، تاجروں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاک چین دوستی کو خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان اور چین کی دوستی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Leave A Comment