تازہ ترین

نواحی بستی میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑی‘ 9سے زائد ہلاکتیں‘ 50سے زائد بچے بیماری سے متاثر‘ محکمہ صحت کے ذمہ داران نواحی بستی میں پھوٹنے والی خسرے کی وباء اوربڑے پیمانے پر ہلاکتوں سے لاعلم نکلے‘ میڈیاکی نشاندہی پر متاثرہ بستی میں گھرگھر سروے کا عمل شروع‘ ڈپٹی کمشنر کا سخت نوٹس‘ سی ای او ہیلتھ سے رپورٹ طلب کرلی‘ علاقہ میں بڑھتی ہوئی وباء کے باعث خوف وہراس۔

  رحیم یارخان کے نواحی علاقہ کے موضع مراد پور سانگھی کی بستی حکیم محمدعبداللہ اعوان میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑی جس کے باعث دو حقیقی بھائیوں سمیت 9بچے جاں بحق جبکہ 50سے زائد بچے بیماری میں مبتلا ہیں۔ رابطہ کرنے پر علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گذشتہ کئی روز سے علاقہ میں خسرے کی وباء پھیلی ہوئی ہے جس سے اب تک ایک ہی بستی کے دوحقیقی بھائیوں تین سالہ ندیم زاہد اور 5ماہ کے فہیم زاہد سمیت 2سالہ میمونہ‘2سالہ عشرت فاطمہ‘ 2سالہ حسینہ‘ 3 سالہ سکینہ‘ 6سالہ آمنہ اور 6سالہ فضاء افضل جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ اسی بستی کے 57بچے خسرے کی وباء سے بری طرح متاثر ہیں۔

میڈیا کے ذریعے نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے لیے جانیوالے نوٹس اوررپورٹ طلب کرنے پر سی ای او ہیلتھ  نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں کسی بھی علاقہ میں خسرے کی وباء سے تصدیق سے صاف انکار کیا اوربتایا کہ کسی بھی سرکاری ہسپتال میں خسرے سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ دوسری جانب رابطہ کرنے پر بستی کے مکینوں نے خسرے کی پھوٹنے والی وباء اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے محکمہ صحت کی مبینہ غفلت کو ذمہ دار قراردیا۔میڈیا کے ذریعے خسرے کی وباء کی نشاندہی پر محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقہ میں پہنچ گئیں اورگھر گھر سروے کا عمل شروع کردیاگیا جبکہ خسرے کی وباء کے پھوٹنے اور بڑے پیمانے پر بچوں کی ہلاکتوں پر خوف وہراس پایاجارہا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement