رحیم یارخان : ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سال2026ء کے انتخابات مکمل
رحیم یارخان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سال2026ء کے انتخابات مکمل ہو گئے۔ چیئرمین الیکشن بورڈ جام عبدالصمد ایڈووکیٹ نے باضابطہ طور پر نو منتخب عہدیداران کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ انتخابات میں تمام عہدیداران اتفاقِ رائے سے بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ بلا مقابلہ منتخب ہونے والوں میں صدر چودھری محمد اشرف جاوید، سینئر نائب صدر رانا محمد ظفر اللّٰہ، نائب صدر مشتاق احمد چاچڑ، جنرل سیکرٹری چودھری تصور شجاع اقبال چٹھہ، جوائنٹ سیکرٹری راشد اقبال، فنانس سیکرٹری محمد انوار الرحمٰن، میڈیا سیکرٹری نوید احمد اور آڈیٹر میاں محمد شریف سہری شامل ہیں، اسی طرح ایگزیکٹو ممبران کے طور پر قاضی محمد سمیع، چودھری محمد رمضان، محمد علی عثمانی، آصف شہزاد وڑائچ، عدنان نذیر چودھری، عمران حمید قریشی اور چودھری محمد جمیل احمد بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ اس موقع پر نومنتخب صدر چودھری محمد اشرف جاوید اور جنرل سیکرٹری چودھری تصور شجاع اقبال چٹھہ ایڈووکیٹس انکم ٹیکس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رحیم یارخان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے ممبران نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس بار کے ممبران کے حقوق کے تحفظ، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور ٹیکس گزاروں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ ادارے کو فعال، مضبوط اور منظم بنانے کے لیے تمام عہدیداران اور ممبران کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے وقار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ دریں اثناء سبکدوش ہونے والے صدر، جنرل سیکرٹری اور دیگر ایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے نومنتخب صدر اور جنرل سیکرٹری کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور نئی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
Leave A Comment