تازہ ترین

اوکاڑہ کی صحافتی دنیا کا ایک درخشاں باب ہمیشہ کے لیے اختتام پذیر ہوگیا، سینئر صحافی محمد طارق خاں بلوچ رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ مرکزی جنازگاہ گھوڑے شاہ میں ادا کی گئی، جس میں ضلع بھر سے صحافیوں، سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مرکزی قبرستان گھوڑے شاہ میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ تدفین کے بعد مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور ان کے درجات کی بلندی، مغفرت اور ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مرحوم محمد طارق خاں بلوچ نے اپنی طویل صحافتی زندگی میں مثبت، ذمہ دار اور بااصول صحافت کو اپنا شعار بنائے رکھا۔انہوں نے اپنے قلم کو مظلوم محروم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بنایا اور علاقائی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے عوامی مشکلات کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔ مرحوم نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ فرائض سے مخلص رہے بلکہ نوجوان صحافیوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہے۔ محمد طارق خاں بلوچ کی وفات سے اوکاڑہ ایک منجھے ہوئے، باوقار اور مثبت سوچ رکھنے والے صحافی سے محروم ہوگیا ہے۔ اوکاڑہ کی صحافتی محفلوں میں ان کی خدمات، خوش اخلاقی، شائستگی اور مثبت صحافت کا تذکرہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ان کی جدائی صحافتی برادری کے لیے ایک ایسا خلا ہے جسے پر کرنا آسان نہیں۔
اللہ رب العزت مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی لحد کو نور سے منور اور اپنی خصوصی رحمت کے سائے میں رکھے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

Leave A Comment

Advertisement