اوکاڑہ : ہسپتال کا جعلی ملازم بن کر خواتین مریضوں سے مبینہ ناروا سلوک کرنے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج
ہسپتال کا جعلی ملازم بن کر خواتین مریضوں سے مبینہ ناروا سلوک کرنے والے نوجوان کے خلاف تھانہ اے ڈویژن پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق صابری کالونی اوکاڑہ کا رہائشی فرید نوازش عرف بلا ہسپتال میں سٹوڈنٹس ٹریننگ کے لیے آتا تھا، تاہم خواتین مریضوں سے مبینہ ناروا سلوک کی شکایات پر اسے ہسپتال سے نکال دیا گیا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اس کے ہسپتال میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔وقوعہ کے روز ملزم مبینہ طور پر ہسپتال پہنچا اور خود کو ملازم ظاہر کرتے ہوئے خواتین مریضوں سے ناروا سلوک کرنے لگا۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کی شکایات پر ہسپتال کے ایچ آر اور لیگل آفیسر نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر تھانہ اے ڈویژن پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔