اوکاڑہ : پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس ساہیوال ریجن کی کامیاب کاروائیاں
پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس ساہیوال ریجن نے ماہ اکتوبر 2026 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 22 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 411 اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کرکے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ غیر معمولی کامیابی ریجنل آفیسر پی ایچ پی ساہیوال ایس پی غازی محمد عمر فاروق کی قیادت میں حاصل کی گئی۔
ضلع اوکاڑہ سمیت ساہیوال ریجن بھر میں خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران منشیات فروشی، ناجائز اسلحہ، مال مسروقہ، غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال اور اوور لوڈنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 574 مقدمات درج کروائے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 813 لیٹر شراب، 14 چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور 26 ناجائز کلاشنکوف و پسٹل بمعہ گولیاں برآمد کی گئیں۔
سوئپ آپریشن کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے نان ٹیکس پیڈ سگریٹ بھی برآمد کرکے قومی خزانے میں ریونیو جمع کروایا گیا، جبکہ ہائی وے پر دوران سفر 417 مسافروں کو مدد اور رہنمائی فراہم کی گئی۔ سنیپ چیکنگ کے دوران ایک لاکھ 26 ہزار 496 افراد اور 77 ہزار 766 گاڑیوں کا ڈیٹا آن لائن ویریفائی کیا گیا۔