اوکاڑہ: یوم دفاع کے موقع پر ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب اور ریلی کا انعقاد
یوم دفاع کے موقع پر ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب اور ریلی کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک اور ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ و دیگر محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران قومی ترانہ بجایا گیا اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے کی زیر قیادت ٹینک چوک تک ریلی نکالی گئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ یوم دفاع ہماری بہادر افواج سے مکمل اظہار یکجہتی کا دن ہے۔ ضلع بھر میں یوم دفاع کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ محمد اکرام ملک نے کہا کہ شہدائے وطن ہمارا فخر ہیں۔ ہم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کے مقروض ہیں۔ یوم دفاع پر ہم اپنے ان تمام تمام جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ پاک افواج نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا ہے۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تحصیل رینالہ خورد اور دیپالپور میں بھی تحصیل انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم دفاع کی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں انتظامی افسران، عوامی نمائندوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور وطن عزیز کی سرحدوں کی دن رات حفاظت کرنے والی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی عقیدت، محبت کا اظہار کیا۔