اوکاڑہ: پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ ڈاکو اللہ دتہ عرف دتو نوریکا زخمی حالت میں گرفتار
تھانہ راوی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو مطلوب بدنام زمانہ اور ریکارڈ یافتہ ڈاکو اللہ دتہ عرف دتو نوریکا کو مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق تین نامعلوم مسلح ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر تھانہ راوی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دوران فائرنگ ڈاکو اللہ دتہ عرف دتو نوریکا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔ گرفتار ملزم ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ فائرنگ کے بعد دو دیگر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔