اسٹاک ایکسچینج میں نئی لسٹنگز معیشت کیلیے ناگزیر قرار
سروس لانگ مارچ ٹائرزکے 75 فیصد شیئرز پر مشتمل 5.8 ارب روپے کے ریکارڈ ابتدائی عوامی شیئرزصرف پانچ سیکنڈمیں سبسکرائب ہونے کے بعد ماہرین نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں مزید کمپنیوں کی فہرست سازی کو معاشی ترقی کیلیے ناگزیر قراردیدیا۔غیر معمولی کامیابی نے واضح کر دیاکہ پاکستان میں معیاری کارپوریٹ سرمایہ کاری کیلیے بے پناہ طلب موجودہے،جسے بروئے کار لاکر معیشت کو نجی شعبے کی قیادت میں مضبوط اقتصادی طاقت بنایاجا سکتاہے۔ نئی لسٹنگز معیشت کی دستاویزی شکل، شفافیت اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں، پبلک لسٹڈ کمپنیاںمالیاتی ریکارڈ عوام اور ریگولیٹری اداروں کے سامنے پیش کرنے کی پابند ہوتی ہیں، جس سے غیردستاویزی کاروبار اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔
آئی پی او پراسپیکٹس کے سخت قواعدسرمایہ کاروں کوکمپنی کی مالی صورتحال،خطرات اور سرمایہ کاری کی حکمت عملی سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرتے ہیں، جو نجی کاروباروں میں عموماً دستیاب نہیں ہوتیں۔اس بات پر بھی زور دیاگیاکہ لسٹڈکمپنیاں عموماً خاندانی اورفردِ واحد پر مبنی انتظامیہ سے نکل کر پیشہ ورانہ اور خودمختار بورڈزکی طرف منتقل ہوتی ہیں،جس سے کارپوریٹ گورننس مضبوط اور ادارے زیادہ پائیدار بنتے ہیں۔
Leave A Comment