سپریم کورٹ: کوٹ رادھا کشن بھٹہ کیس میں سزائے موت پانیوالے 3 ملزمان بری
سپریم کورٹ نے کوٹ رادھا کشن بھٹہ کیس میں سزائے موت پانے والے تین ملزمان بری کر دیے۔سپریم کورٹ نے کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے شہزاد مسیح اور ان کی حاملہ اہلیہ شمع بی بی کو اینٹوں کے بھٹے میں زندہ جلانے کے مقدمے میں سزائے موت پانے والے تینوں ملزمان، عرفان، مہدی اور ریاض کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتِ عظمیٰ نے 102 ملزمان کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کی درخواست بھی مسترد کر دی۔
افسوسناک واقعہ 4 نومبر 2014 کو پیش آیا تھا، جب توہینِ مذہب کے الزام پر مشتعل ہجوم نے شہزاد مسیح اور ان کی حاملہ اہلیہ شمع بی بی پر تشدد کیا اور بعد ازاں انہیں اینٹوں کے بھٹے میں زندہ جلا دیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے سیکڑوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے مقدمے میں پانچ ملزمان کو سزائے موت جبکہ دیگر ملزمان کو مختلف سزائیں سنائی تھیں۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے پانچ میں سے دو ملزمان کو بری کر دیا، جبکہ تین ملزمان کی سزائے موت برقرار رکھی تھی۔