لکی مروت، ٹانک میں فتنہ الخوارج کے حملے ناکام، ایک خودکش حملہ آور سمیت دو دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا پولیس نے لکی مروت اور ٹانک میں دہشت گردی کے بڑے منصوبے ناکام بنا دیئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے ساتھ کارروائیوں میں ایک خود کش حملہ سمیت دو دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ جبکہ کارروائی میںتین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
گنڈی چوک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بڑی کارروائی کی گئی۔ پولیس کے ساتھ مقابلے کے بعد ایک خودکش حملہ آور سمیت دو دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ دہشت گردوں کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور بڑی دہشتگردانہ کارروائی کرنے جا رہے تھے جسے ناکام بنایا گیا۔دہشت گردوں سے اسلحہ ایمونیشن، بارودی سرنگیں، کالعدم تنظیم کے جھنڈے، کمیونیکیشن آلات اور دیگر ممنوعہ سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
ٹانک میں دہشتگردوں نے تھانہ ملازئی پر گزشتہ شب ڈرون حملہ کیا اور شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے حملہ آوروں کے خلاف جوابی فائرنگ کی گئی اور زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔زخمی اہلکاروں میں محرر ہیڈ کانسٹیبل علی اللہ، کانسٹیبل عدنان اور کانسٹیبل سیف علی شامل ہیں۔حملے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔