3 امریکی فوجی طیاروں کی اسلام آباد آمد، سیکیورٹی سخت
اسلام آباد میں امریکی فوجی طیاروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔اسلام آباد میں اعلیٰ امریکی حکام کے ممکنہ دورے سے قبل امریکی ایئر فورس کے بڑے کارگو طیارے بوئنگ C-17 گلوب ماسٹر III ساز و سامان کے ساتھ نور خان ایئر بیس پر لینڈ کر چکے ہیں۔فلائٹ ڈیٹا کے مطابق 19 اپریل کو 3 طیارے مختلف اوقات میں پہنچے، جن میں پہلا صبح ساڑھے 8 بجے، دوسرا 11 بج کر 3 منٹ پر اور تیسرا دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر اترا، جبکہ ایک اور طیارہ بھی راستے میں بتایا گیا ہے۔مزید امریکی طیاروں کو رامسٹین ایئر بیس اور مورون ایئر بیس پر ایندھن بھرتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے وسیع لاجسٹک آپریشن کا عندیہ ملتا ہے۔ یہ طیارے سیکیورٹی، مواصلاتی نظام اور دیگر معاون آلات لے کر آئے ہیں، جو عموماً اعلیٰ سطح کے امریکی دوروں سے قبل تعینات کیے جاتے ہیں، تاہم حکام نے تاحال کسی دورے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
اس سے قبل امریکا کے ایک پیشگی وفد کی اسلام آباد پہنچنے سے متعلق اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ آئندہ اہم مذاکرات سے قبل غیر ملکی وفود کی ایڈوانس ٹیمیں ملک میں پہنچ رہی ہیں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ غیر ملکی وفود کے دورے کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔