آئی ایم ایف کا لیوی میں کمی پر مشروط اتفاق, صنعتی صارفین کیلیے گیس سستی ہونے کا امکان
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی جانب سے گیس پر عائد لیوی میں کمی کی تجویز سے مشروط طور پر اتفاق کر لیا ہے، جس کے بعد صنعتی صارفین کے لیے گیس سستی ہونے کی توقع ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے صنعتی صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں کمی کی تجویز سے اتفاق کے نتیجے میں کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی میں 30 سے 60 فیصد تک کمی متوقع ہے۔آئی ایم ایف نے گیس لیوی کے نئے فارمولے سے بھی اتفاق کیا ہے، جو وزارت توانائی کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ اس نئے فارمولے کے تحت ٹیرف اب اوسط بنیاد پر مقرر کیا جائے گا جبکہ اس سے قبل لیوی کو پیک آورز سے منسلک کیا گیا تھا۔لیوی میں کمی کے ساتھ یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ نیشنل گرڈ سے بجلی کی طلب کم نہیں ہونی چاہیے اور اگر بجلی کی طلب میں کمی واقع ہوئی تو لیوی دوبارہ بڑھائی جا سکتی ہے۔گیس لیوی کا بنیادی مقصد صنعتوں کو گرڈ پر لانا ہے۔
واضح رہے کہ مہنگی بجلی کے باعث صنعتوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس وقت کیپٹو پاور پلانٹس پر 1343 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو لیوی عائد ہے۔