ایف بی آر نے جولائی میں 820 ارب روپے وصول کر کے ہدف 40 ارب روپے سے عبور کر لیا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2026-27 کے پہلے مہینے جولائی میں 820 ارب روپے ٹیکس وصول کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو مقررہ ہدف 780 ارب روپے سے 40 ارب روپے زیادہ ہے۔ اضافی وصولیوں کی بڑی وجہ سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) اور کسٹمز ڈیوٹی سے توقعات سے زیادہ آمدن رہی، تاہم انکم ٹیکس کا ہدف حاصل نہ ہو سکا۔
ایف بی آر کے مطابق جولائی 2026 میں مجموعی ٹیکس وصولیاں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 756 ارب روپے کے مقابلے میں 8 فیصد بڑھ کر 820 ارب روپے تک پہنچ گئیں۔ گزشتہ مالی سال 2025-26 میں ادارے نے 12 ہزار 983 ارب روپے کے نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں 13 ہزار ارب روپے سے زائد محصولات جمع کیے تھے۔
رواں مالی سال کے لیے حکومت نے 15 ہزار 264 ارب روپے محصولات اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ جولائی کے دوران ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو 99 ارب روپے کے ریفنڈز اور رعایتیں بھی جاری کیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 ارب روپے زیادہ ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں انکم ٹیکس کی وصولی 308 ارب روپے رہی، جو 323 ارب روپے کے ہدف سے 15 ارب روپے کم ہے، تاہم یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔سیلز ٹیکس کی وصولی 360 ارب روپے رہی، جو 305 ارب روپے کے ہدف سے 55 ارب روپے زیادہ ہے۔ سیلز ٹیکس کی وصولیوں میں سالانہ بنیاد پر 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
Leave A Comment