ای سی سی اجلاس: پیٹرول ریلیف اسکیم کے لیے 75 ارب روپے کی منظوری
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پٹرول ریلیف اسکیم کے لیے 75 ارب روپے کی منظوری دے دی، دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کو ہفتہ وار 500 روپے کا ریلیف دیا جائے گا جو 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے پانچ لیٹر کے برابر ہوگا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے دس دن کے لیے ایک ہزار روپے کا ریلیف مقرر کیا گیا ہے جو ماہانہ 30 لیٹر اور 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے متعلق سمری پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں ٹارگٹڈریلیف فراہم کرنے کے لیے اسکیم پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی۔اسکیم کے تحت دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کو ہفتہ وار 500 روپے کا ریلیف دیا جائے گا جو 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے 5 لیٹر کے برابر ہوگا جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے دس دن کے لیے 1000 روپے کا ریلیف مقرر کیا گیا ہے جو ماہانہ 30 لیٹر اور 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ہوگا۔
فیول ریلیف اسکیم کا اطلاق صرف غیر تجارتی صارفین پر ہوگا اور ہر صارف یا مالک کو صرف ایک گاڑی کے لیے ریلیف دیا جائے گا۔ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن فیول پاس سسٹم (ایف پی ایس) کو متعارف اور منظم کرے گی جس کے ذریعے ریلیف کی ڈیجیٹل طریقے سے شفاف فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں اسکیم پر عمل درآمد کے لیے 75 ارب روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کی منظوری بھی دی گئی۔
Leave A Comment