تازہ ترین

ملک کے تجارتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) نے باہمی تعاون سے تجارتی انجمنوں اور چیمبرز کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان میں ڈیٹا پر مبنی تجارتی انتظامی نظام کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں وفاقی دارالحکومت، خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب سے تعلق رکھنے والے چیمبرز آف کامرس اور مختلف تجارتی انجمنوں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں تجارتی تنظیموں کی رجسٹریشن، تجدید، رپورٹنگ اور نگرانی کے نظام کو خودکار بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)  نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی جدت وقت کی اہم ضرورت ہے اور پاکستان سنگل ونڈو نے بروقت اقدامات کر کے کاروباری برادری کی ایک بڑی ضرورت کو پورا کرنے کی سمت قدم بڑھایا ہے۔مشاورتی عمل کے ذریعے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا قابل تحسین ہے۔ڈی جی ٹی او کے طریقہ کار کو سادہ اور شفاف بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات سے نہ صرف کاروباری سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ شفافیت اور احتساب کا نظام بھی بہتر ہوگا۔خودکار نظام متعارف ہونے سے چیمبرز اور تجارتی انجمنوں کے امور تیز اور مؤثر انداز میں نمٹائے جا سکیں گے۔ 

 

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد تجارتی اداروں کے ڈیٹا کو مرکزی نظام سے منسلک کرنا، دستی کارروائیوں میں کمی لانا اور پالیسی سازی کے لیے مستند معلومات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔اس تعاون کو ملک میں کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے اور عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement