ان ٹارگٹڈ کراس سبسڈی ختم، بجلی کی پوری قیمت وصول کرنے کا فیصلہ
حکومت نے آئندہ بجٹ میں آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنےکی یقین دہانی کروا دی ہے۔ یکم جنوری 2027 سےبجلی بلوں پر ان ٹارگٹڈ کراس سبسڈی ختم کر دی جائے گی۔ صرف مستحق صارفین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تمام صارفین سے بجلی کی پوری قیمت وصول کی جائے گی۔
حکومت آئی ایم ایف کا ان ٹارگٹڈ سبسڈیز ختم کرنے کا مطالبہ پورا کرنے پر تیار ہو گئی۔ ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی کےاستعمال پر دی جانےوالی سبسڈی کا یکم جنوری2027 سے خاتمہ کر دیا جائےگا۔ بجلی بلوں میں رعایت ان مستحق افراد تک محدود کر دی جائےگی۔ جو بجلی بل پر موجود کیو ار کوڈ کے ذریعے بیظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کروائیں گے۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ مالی سال سے 500 ارب روپے سے زائد کی پاورسبسڈی بی آئی ایس پی کو منتقل کر دی جائےگی ۔ بڑے گھروں میں ایک سے زائد میٹر لگوا کر سستی بجلی کی سہولت لینے والےسبسڈی سےمحروم ہو جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کا پرانا مطالبہ اب پورا کیا جا رہا ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق گھروں میں 2، 3 بجلی میٹرز کی وجہ سے پروٹیکٹڈ صارفین 1 کروڑ سے بڑھ کر 2کروڑ 20لاکھ تک پہنچ چکے۔ موجودہ سبسڈی سسٹم ختم کرنے کیلئے نیا طریقہ کار تیار کیا جا رہا ہے۔ بجلی صارفین کا ڈیٹا بی آئی ایس پی سے منسلک کیا جائے گا۔حکومت اگست تک نیا سبسڈی سسٹم ٹیسٹ کرے گی اور یکم جنوری 2027 سے مکمل نافذ کر دیا جائے گا ۔ آئی ایم ایف سے ترقیاتی منصوبوں میں کلائمیٹ ترجیح 30 فیصد تک بڑھانے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
Leave A Comment