کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کسانوں، چھوٹے اور درمیانے کاروبار اور ہاؤسنگ کے شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں، جبکہ حکومت قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ایکسیس ٹو فنانس پلان2026-28 کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم کے ’اپنا گھر‘ پروگرام، زراعت اور چھوٹے و درمیانے کاروباری شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی ترقی کے لیے اقدامات قومی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسانوں کو مالی وسائل تک آسان اور بلا رکاوٹ رسائی فراہم کی جائے۔ کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی جائیدادوں کا جامع سروے کیا جائے جنہیں ’وزیراعظم اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت گھر بنانے کے خواہش مند افراد کو بینک قرض فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ’وزیراعظم اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313 ارب 42 کروڑ روپے ہے جبکہ 8 ہزار 739 درخواست گزاروں کو 45 ارب 43 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔ملک بھر میں ایسے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے نظام تیار کیا جارہا ہے جو رہن کی شرائط پر پورا اترتے ہوں۔ اس نظام کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد سے شروع کیا جائے گا۔ پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے معروف ہاؤسنگ ڈویلپرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔