بجلی صارفین پر 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، نیپرا نے منظوری دے دی
وفاقی حکومت نے بجلی صارفین پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے، نیپرا نے نیشنل گرڈ کمپنی کو سسٹم اخراجات کی مد میں 200 ارب روپے وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے۔نیشنل گرڈ کمپنی کی جانب سے گزشتہ تین سال کے ریونیو اخراجات کی وصولی کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر نیپرا نے سماعت کے بعد تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
منظوری کے بعد ان اخراجات کی ادائیگیاں یکم اگست 2026 سے شروع کی جائیں گی، یہ رقم ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، جن میں لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز شامل ہیں، کے ذریعے صارفین سے وصول کی جائے گی۔ڈسکوز کو ٹیرف کی مد میں اضافی رقم وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی، جس کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس فیصلے کے نتیجے میں بجلی کے بلوں میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ وصولیاں نیشنل گرڈ کے سسٹم اخراجات کی ادائیگی کے لیے کی جائیں گی تاہم اس کا براہ راست اثر بجلی صارفین کے ماہانہ بلوں پر پڑنے کا امکان ہے۔
Leave A Comment