بجٹ، جی ایس ٹی 18 سے بڑھاکر 19 فیصد کردیں، IMF کی حکومت کو تجویز، سولر پینلز اور الیکٹرک گاڑیاں مہنگی ہونے کا امکان
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان کو تجویز دی ہے کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں جنرل سیلز ٹیکس (GST) کی معیاری شرح 18 فیصد سے بڑھا کر 19 فیصد کی جائے۔ تاہم پاکستانی حکام اب تک اس تجویز کی سخت مخالفت کر رہے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا،جی ایس ٹی میں اضافے سے سولر پینلز، الیکٹرک کاریں مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے تجویز محصولات کے ہدف کے حصول میں ناکامی کو دیکھتے ہوئے پیش کی ، صرف ایک فیصد اضافے سے 300ارب روپے اضافی ملیں گے، وزارت صنعت و پیداوار کے حکام کا کہنا ہے کہ اضافے کی تجویز زیر غور مگر حتمی فیصلہ نہیں ہوا، جبکہ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگریال نے کہا ہے کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام نے جی ایس ٹی میں اضافے کی تجاویز کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
آئندہ مالی سال کے 15 ہزار ارب روپے سے زائد کےٹیکس ریونیو ہدف کے حصول اور رواں مالی سال کے ٹیکس شارٹ فال کو پورا کرنے کیلئے آئی ایم ایف نے جی ایس ٹی کی موجودہ شرح کو 18 فیصد سے بڑھا کر 19 فیصد کرنے کی تجویز دی ہےاس پر عملدرآمد کی صورت میں ملک میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا جبکہ الیکٹرک گاڑیوں اورسولر پینلز پر ٹیکس عائد کرنے کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے،ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں میں حکومت مختلف تجاویز پر کام کر رہی ہے، آئی ایم ایف کی تجویز پر الیکٹرک وہیکلز ( ای ویز ) اور ہائبرڈ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس میں بھاری اضافے کی تجاویز زیر غور ہیں، جس سے ان گاڑیوں کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں ۔
Leave A Comment